ریاض،24مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے ایک سرکردہ شیعہ عالم دین علی الناصر السلمان نے گذشتہ روز العوامیہ کے مقام پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔ سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شیعہ عالم دین نے العوامیہ کے علاقے المسورہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے ملک میں قیام امن کے لیے مملکت کے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔خیال رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ چند روز پیشتر القطیف گورنری کی المسورہ کالونی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ دہشت گردوں کی جوابی فائرنگ میں متعدد سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے القطیف کی المسورۃ کالونی کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کرنا شروع کر رکھا تھا تاہم سیکیورٹی حکام دہشت گردوں کو ان کیمقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔